اسلام آباد ہائیکورٹ میں رجب بٹ کا نام پی سی ایل سے نکالنے پر این سی سی آئی اے کا اعتراض نہیں، کیس کی آئندہ سماعت اٹھائیس اپریل کو ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ٹک ٹاکر رجب بٹ کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے رجب بٹ سے متعلق اپنا جواب عدالت میں جمع کرا دیا۔
ایجنسی کے جواب میں بتایا گیا کہ ڈائریکٹر آپریشنز کو رجب بٹ کا نام پی سی ایل سے نکالنے کے لیے مراسلہ بھیج دیا گیا ہے۔ رجب بٹ انکوائری میں شامل ہو چکے ہیں اور ان کا نام پی سی ایل سے نکالنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔
عدالت میں جمع کرائے گئے جواب کے مطابق، رجب بٹ کا نام سات اگست 2025 کو پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا گیا تھا۔ ان کے خلاف سوشل میڈیا پر توہین آمیز مواد شیئر کرنے کی انکوائری زیر التوا ہے۔
رجب بٹ کے خلاف پیکا ایکٹ اور تعزیراتِ پاکستان کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کی آئندہ سماعت اٹھائیس اپریل کو ہوگی۔
واضح رہے کہ رجب بٹ کے خلاف سوشل میڈیا پر مواد شیئر کرنے کے الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں، جس کی وجہ سے ان کا نام پی سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔















