فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے دورہ ایران میں امن و استحکام پر گفتگو ہوئی، تعاون بڑھانے پر اتفاق۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا 3 روزہ دورۂ ایران کامیابی سے مکمل ہو گیا۔ اس دورے کے دوران علاقائی امن و استحکام پر اہم بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، سید عاصم منیر اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر، وزیرِ خارجہ اور کمانڈر خاتم الانبیاء ہیڈ کوارٹرز شامل تھے۔
مذاکرات کا محور خطے میں پائیدار امن کا قیام رہا۔ دونوں فریقین نے سیکیورٹی کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور مسائل کے حل کیلئے سفارتی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
فریقین نے مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے خاتمے اور علاقائی استحکام کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور دیرپا امن کے فروغ کیلئے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی گئی۔
واضح رہے کہ یہ دورہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے پاکستان کے پختہ عزم کا عکاس ہے۔ سید عاصم منیر نے ایرانی قیادت کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات پہنچائے۔












