مارگوٹ روبی نے تاریخی مغل ہار پہن کر نوآبادیاتی دور کی یاد تازہ کر دی، یہ ہار پہلے ملکہ نورجہاں کے پاس تھا۔
لاس اینجلس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ہالی ووڈ اداکارہ مارگوٹ روبی نے اپنی نئی فلم کے پریمیئر پر مغل ملکہ نورجہاں کا تاریخی ہار پہنا، جس نے فیشن اور تاریخ کے شوقین افراد میں ہلچل پیدا کر دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ہار، جو تاج محل ڈائمنڈ نیکلس کے نام سے مشہور ہے، پہلے اداکارہ الزبتھ ٹیلر کے پاس تھا۔ ہار پر فارسی میں ‘محبت ہمیشہ قائم رہتی ہے’ کی عبارت کندہ ہے اور ملکہ نورجہاں کا نام و لقب درج ہیں۔
روایت ہے کہ یہ ہار بادشاہ جہانگیر نے نورجہاں کو تحفے میں دیا تھا۔ بعد میں یہ شاہجہان کی اہلیہ ممتاز محل کے پاس پہنچا اور کارٹیئر کمپنی نے اسے دوبارہ ڈیزائن کیا۔
1972 میں یہ ہار اداکارہ الزبتھ ٹیلر کو تحفے میں دیا گیا اور بعد میں نیلامی میں 88 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا۔ مارگوٹ روبی کا یہ ہار پہننا نوآبادیاتی دور کے نوادرات کی واپسی کی روایت کو تازہ کر گیا۔















