شازیہ نہ ملی، جرمانہ مل گیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے کورئیر کمپنی کی اپیل مسترد کر دی

لاہور ہائیکورٹ نے فیس بک فراڈ کیس میں TCS کی اپیل مسترد کر دی، جھوٹے آئی ڈی کے ذریعے فراڈ کرنے پر کمپنی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے فیس بک پر جعلی خاتون آئی ڈی کے ذریعے ہونے والے فراڈ کے مقدمے میں کنزیومر کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے کورئیر کمپنی ٹی سی ایس کی اپیل مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ کمپنی نے "سیلف کولیکشن” سروس کی بنیادی شرط پوری نہیں کی اور موبائل فون غلط شخص کے حوالے کر کے اپنی ذمہ داری نبھانے میں کوتاہی برتی۔

فیصلے کے مطابق، صدیق گھمن نے ایک اوپو موبائل فون فیس بک پر "شازیہ سعید” نامی آئی ڈی رکھنے والی خاتون کو گفٹ کے طور پر بھیجا تھا اور واضح ہدایت دی تھی کہ پارسل صرف مذکورہ خاتون کو ہی دیا جائے۔ تاہم ٹی سی ایس نے فون ایک محمد عامر نامی شخص کو دے دیا، جس نے خود کو "شازیہ” کا بھائی ظاہر کیا۔ بعد ازاں معلوم ہوا کہ عامر ہی جعلی آئی ڈی کا اصل کردار تھا اور اسی نے گھمن کو فراڈ کے ذریعے فون منگوایا۔

کنزیومر کورٹ نے مذکورہ حقائق کی بنیاد پر گھمن کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں 24 ہزار روپے انشورنس کلیم کے علاوہ ایک لاکھ روپے اضافی ہرجانہ دینے کا حکم دیا تھا۔ TCS نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی لیکن ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ بعد میں موبائل فون کی واپسی سے کمپنی اپنی قانونی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتی اور صارف کو پہنچنے والی ذہنی اذیت اور تکلیف کا ازالہ ضروری ہے۔

عدالت نے قرار دیا کہ "سیلف کولیکشن” سروس میں سخت شناختی تصدیق بنیادی تقاضا ہے، اور کمپنی اس میں ناکام رہی۔ یوں گھمن کو موبائل کے ساتھ سوا لاکھ روپے ہرجانہ بھی ملا، البتہ وہ خاتون جسے وہ "شازیہ” سمجھتے تھے، حقیقت میں کوئی اور ہی نکلا۔

دیگر متعلقہ خبریں