میانمار میں فوجی کارروائی کے بعد 38 پاکستانیوں سمیت سینکڑوں غیر ملکی رہا کر دیے گئے ہیں۔

میانمار: (رائیٹ ناوٴ نیوز) میانمار میں آن لائن فراڈ سینٹرز کے خلاف مقامی فوج نے کارروائی کرتے ہوئے 38 پاکستانیوں سمیت سینکڑوں غیر ملکیوں کو رہا کر دیا۔
رہائی کے بعد 38 پاکستانیوں کو تھائی آرمی نے میانمار سرحد عبور کر کے بنکاک امیگریشن سینٹر منتقل کیا، جہاں سے انہیں مرحلہ وار ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے تھائی لینڈ کے حکام نے حکومت پاکستان کو باضابطہ خط بھی لکھا ہے۔
تھائی حکومت کے مطابق میانمار میں مزید 60 پاکستانی شیلٹر ہاؤس میں موجود ہیں۔ تھائی حکام نے پاکستانی اداروں سے ڈی پورٹ افراد کی تفتیش کے بعد ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تھائی حکومت نے ڈی پورٹ ہونے والے پاکستانیوں کے نام 5 سال کے لیے ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق تھائی لینڈ، میانمار اور کمبوڈیا آن لائن فراڈ کے مرکز ہیں جہاں کال سینٹرز میں نوکریوں کے جھانسے دیے جاتے ہیں۔ نوجوانوں کو ورک ویزا پر بلا کر قید کر لیا جاتا ہے۔














