ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والوں کا تعاقب کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایف آئی اے نے وضاحت کی ہے کہ مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈا بے بنیاد ہے۔ ایف آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ 15 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی گئی ہے جو من گھڑت مواد پھیلا رہے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لیے این سی سی آئی اے کو خط لکھا گیا ہے۔ جھوٹی پوسٹس کے ذریعے عوام میں بے جا تشویش پیدا کی جا رہی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق مکمل اور درست سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو آف لوڈ نہیں کیا جاتا۔ آف لوڈنگ صرف نامکمل یا جعلی دستاویزات پر ہوتی ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ انسانی اسمگلنگ یا غیر قانونی ہجرت میں ملوث افراد کو روکا جاتا ہے، ماضی میں غیر قانونی سرگرمیوں میں شامل افراد کو بھی سفر سے روکا جا سکتا ہے۔















