پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات کو جھوٹا پروپیگنڈا قرار دیا ہے، اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کو توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کے الزامات کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ترجمان دفترخارجہ نے ان الزامات کو پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت داخلی سکیورٹی چیلنجز سے توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت محدود سیاسی مفادات کیلئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرا رہا ہے۔ بھارت اقلیتوں کو دبا رہا ہے اور اختلافِ رائے کو خاموش کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بھارت کے الزامات عالمی برادری کی توجہ بھارتی ریاستی دہشت گردی سے نہیں ہٹاسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی بیرون ملک سرگرمیوں پر عالمی برادری کو توجہ دینی چاہیے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کے شواہد عالمی برادری کے سامنے رکھے ہیں۔ زیرحراست بھارتی کمانڈر کلبھوشن یادھو اس کا براہ راست ثبوت ہے۔














