ماہرین کا کہنا ہے کہ مونگ پھلی کے بعد پانی پینا محفوظ ہے اور اس حوالے سے پھیلی غلط فہمیاں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سردیوں میں مونگ پھلی کھانے کی دلچسپی بڑھ جاتی ہے، لیکن یہ غلط فہمی عام ہے کہ کھانے کے فوراً بعد پانی پینا صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ ماہرین اس تصور کو مسترد کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، مونگ پھلی کھانے کے بعد پانی پینا بالکل محفوظ ہے اور یہ صرف ایک روایتی خیال ہے جس کی کوئی سائنسی بنیاد نہیں۔ چونکہ مونگ پھلی خشک غذا ہے، اس لیے پانی پینا ہاضمے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
یہ غلط فہمی ہے کہ مونگ پھلی کی تاثیر گرم ہوتی ہے اور اس کے بعد ٹھنڈا پانی پینے سے گلے میں خراش یا کھانسی ہو سکتی ہے۔ طبی ماہرین کہتے ہیں کہ اس کا تعلق ان افراد سے ہے جنہیں پہلے سے الرجی، گیس یا ہاضمے سے متعلق مسائل ہوں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ مونگ پھلی پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی کا بہترین ذریعہ ہے اور اسے کھانے کے بعد پانی پینا نقصان دہ نہیں۔ تاہم، جنہیں مونگ پھلی سے الرجی ہو، انہیں احتیاط کرنی چاہیے۔
مونگ پھلی سے الرجی والے افراد، تیزابیت یا ہاضمے کی دائمی تکلیف والے افراد اور حساس گلے والے بچے مونگ پھلی کے بعد فورا پانی پینے سے احتیاط کریں۔















