وفاقی حکومت نے پی ٹی اے کو فروری 2026 تک فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی کا ہدف دیا ہے تاکہ انٹرنیٹ کی بڑھتی طلب کو پورا کیا جا سکے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی حکومت نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی انٹرنیٹ کی طلب اور ٹیلی کام سروسز کی کوالٹی کے مسائل کے پیش نظر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو فروری 2026 تک فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کا ہدف دیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ٹی اے لائسنسنگ، عامر شہزاد نے بتایا کہ ملک میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی مانگ ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے۔ اسپیکٹرم کی کمی کی وجہ سے ٹیلی کام آپریٹرز کو سروس کے معیار اور صارفین کی شکایات کا سامنا ہے۔
عامر شہزاد نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹیلی کام آپریٹرز کے پاس مجموعی طور پر صرف 274 میگاہرٹز اسپیکٹرم موجود ہے، جس کی بنا پر پاکستان دنیا میں پیچھے ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ 2026 کے آخر تک معیاری براڈ بینڈ سروس دستیاب ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فائیو جی کے لیے تیزی سے پیش رفت جاری ہے اور ٹیلی کام آپریٹرز کے لیے 600 میگاہرٹز کا نیا اسپیکٹرم لایا جا رہا ہے۔ حکومت انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی رپورٹ کا جائزہ لے رہی ہے جس کے بعد نیلامی کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔















