گوگل کے ڈیجیٹل پاسبان پروگرام کے تحت 2 لاکھ خاندانوں کو آن لائن سیفٹی کی تربیت دی جائے گی، جس کا مقصد بچوں کا تحفظ ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) گوگل نے پاکستان میں آن لائن سیفٹی کے لئے ڈیجیٹل پاسبان پروگرام کا آغاز کردیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 2 لاکھ خاندانوں کو آن لائن تحفظ کے ٹولز کی تربیت فراہم کی جائے گی۔
گوگل کے کلسٹر ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے اس پروگرام کا افتتاح کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوگل کا پاکستان آنا ظاہر کرتا ہے کہ ملک ٹیکنالوجی اور کاروبار کے لئے کھلا ہے۔
گوگل کے نائب صدر ولسن وائٹ نے کہا کہ گوگل آن لائن سیفٹی کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیجیٹل پاسبان پروگرام پر 5 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ یہ پروگرام بچوں کی آن لائن تحفظ کو یقینی بنائے گا۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ والدین اور اساتذہ بچوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پی ٹی اے سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے شکایات موصول کرتا ہے اور اپنی ذمہ داریاں ادا کررہا ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے کا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے قریبی رابطہ ہے اور گوگل کی کمپلائنس ریٹ سب سے زیادہ ہے۔ نئی ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کے ذریعے نوجوانوں کے مستقبل کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔














