پی ٹی اے اور گوگل نے بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس سے بچوں کے لیے محفوظ آن لائن ماحول کو فروغ دیا جائے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پی ٹی اے اور گوگل نے بچوں کے آن لائن تحفظ کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔ اس یادداشت کے تحت بچوں کیلئے محفوظ آن لائن ماحول اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔
مفاہمتی یادداشت میں آگاہی، تعلیم اور بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے تعاون کو بڑھانے کے اہم نکات شامل ہیں۔ والدین اور اساتذہ کو عملی رہنمائی، ٹولز اور وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
اس اقدام کے تحت انگریزی، اردو اور مقامی زبانوں میں مواد اور ملک گیر آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ پی ٹی اے حکام کے مطابق بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے باہمی تعاون وقت کی ضرورت ہے۔
بچوں اور خاندانوں میں ڈیجیٹل خواندگی کا فروغ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ یہ پیش رفت امریکہ کی ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی کے پاکستان میں مقامی دفتر کے افتتاح کے وقت سامنے آئی ہے۔
واضح رہے کہ کمپنی نے پاکستان میں اپنی ابتدائی رجسٹریشن کے تقریباً 4 سال بعد یہ قدم اٹھایا ہے۔ اس پیش رفت کو ملک کے ساتھ روابط میں ایک بڑا سنگِ میل قرار دیا گیا ہے۔














