پنجاب میں بسنت سے قبل پتنگ و ڈور سازوں کی رجسٹریشن کا آغاز

پنجاب میں بسنت سے قبل پتنگ و ڈور سازوں کی رجسٹریشن کا آغاز، حکومت نے ضابطہ کار جاری کر دیا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب میں بسنت کے تہوار سے قبل پتنگ اور ڈور بنانے والوں، فروخت کنندگان اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی باضابطہ رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے پتنگ سازی، ڈور سازی اور ان کی خرید و فروخت کے لیے جامع ضابطہ کار تشکیل دیا ہے، جس کے تحت تمام افراد اور اداروں کے لیے مخصوص فارم لازمی قرار دیے گئے ہیں۔ پتنگ یا ڈور بنانے، بیچنے یا خریدنے کے لیے فارم اے جمع کرانا ضروری ہوگا جبکہ تصدیق شدہ افراد کو سرکاری سرٹیفکیٹ فارم بی کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔

کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کے لیے فارم سی اور فارم ڈی مقرر کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے ان کی سرگرمیوں، ارکان اور انتظامی ڈھانچے کی مکمل تفصیل حاصل کی جائے گی۔ ڈور اور پتنگ کا سائز، میٹریل اور معیار شیڈول ون کے مطابق مقرر کیا جائے گا جبکہ غیر معیاری، کیمیکل یا دھاتی ڈور کی تیاری اور فروخت مکمل طور پر ممنوع ہوگی۔

رجسٹرڈ ایسوسی ایشنز ضلعی انتظامیہ خصوصاً ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں بسنت کے انتظامات میں معاونت کریں گی تاکہ تہوار محفوظ اور منظم انداز میں منایا جا سکے۔ ضابطہ کار کی خلاف ورزی پر رجسٹریشن منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی بھی ہو سکتی ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق، محفوظ بسنت کے لئے ضابطہ کار کے پہلے مرحلے کو مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اگلے مراحل پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں