میٹا نے انسٹاگرام اور فیس بک پر نوعمروں کیلئے حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا ہے تاکہ اسکرین ٹائم اور غیر ضروری رابطے کو محدود کیا جا سکے۔
نیویارک: (رائیٹ ناؤنیوز) میٹا نے انسٹاگرام اور فیس بک پر نوعمر صارفین کیلئے حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ ان اقدامات میں روزانہ اسکرین ٹائم کی حد بندی، رات کو ایپس تک رسائی کی بندش اور اجنبی بالغ افراد سے رابطے پر پابندی شامل ہیں۔
یہ تبدیلیاں امریکا کی 47 ریاستوں کے ساتھ معاہدے کے تحت کی جا رہی ہیں۔ میٹا کا مقصد نوعمروں کے غیر ضروری استعمال اور عادت کے خدشات کو کم کرنا ہے۔
میٹا آئندہ چھ ماہ میں ان تبدیلیوں کو نافذ کرے گی جبکہ عمر کی تصدیق میں ایک سال لگ سکتا ہے۔ والدین کے نگرانی سیٹنگز کے ذریعے اضافی وقت کی اجازت دی جا سکے گی۔
نئے نظام کے تحت 18 سال سے کم عمر صارفین کیلئے سوشل میڈیا کو کنٹرول کیا جائے گا۔ میٹا نقصان دہ مواد کی رپورٹنگ کو بھی بہتر بنائے گی اور والدین کے لئے نگرانی کے ٹولز کو مزید مضبوط کرے گی۔
واضح رہے کہ میٹا پہلے ہی 18 سال سے کم عمر صارفین کیلئے پرائیویسی سیٹنگز کو سخت کر چکی ہے۔ نئے معاہدے کے بعد حفاظتی اقدامات کو مزید وسیع کیا جائے گا۔















