پمز اسپتال میں ٹیلی میڈیسن سینٹر کے قیام سے مریضوں کا بوجھ کم ہوگا، وزیر صحت نے آگاہی مہم کی ہدایت کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے پمز اسپتال میں ٹیلی میڈیسن سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام سے مریضوں کا بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی اور علاج کی سہولت گھر بیٹھے میسر ہوگی۔
وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے پمز اسپتال کا دورہ کیا اور فائر سیفٹی آڈٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایچ وی اے سی (HVAC) نظام کی بہتری کی ہدایات بھی جاری کیں تاکہ مریضوں اور عملے کے لیے بہتر کولنگ سسٹم یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے پمز اسپتال میں مریضوں کے رش کو کم کرنے کے لیے ٹیلی میڈیسن سینٹر کے آغاز کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ عوام کو وزیراعظم ہیلتھ کارڈ کی سہولیات سے آگاہ کرنے کی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔
اسلام آباد کے 15 پینل اسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت دستیاب ہے۔ وزیر صحت نے اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہریوں کے لیے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مفت علاج کے بارے میں آگاہی دینے کی ہدایت کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پمز کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہو گئے تھے۔ اس سانحے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی رپورٹ پر 8 افراد کو معطل کیا گیا۔













