برطانیہ کی تحقیق میں سیڑھیاں چڑھنے کی عادت کو دل کی بیماریوں سے موت کے خطرے میں 39 فیصد کمی کا ذریعہ بتایا گیا ہے۔
لندن: (رائیٹ ناؤنیوز) برطانیہ میں کی گئی ایک طبی تحقیق میں یہ نتیجہ سامنے آیا ہے کہ سیڑھیاں چڑھنے کی عادت دل کی شریانوں کی بیماریوں بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج سے موت کے خطرے کو کم کرتی ہے۔
تحقیق میں 4 لاکھ 80 ہزار افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ 35 سے 84 سال کے افراد کی صحت کا 14 سال تک مشاہدہ کیا گیا۔ اس دوران نتائج سے ظاہر ہوا کہ سیڑھیاں چڑھنے کو عادت بنانے والے افراد کا دل سے جڑے امراض سے موت کا خطرہ 39 فیصد تک کم ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق سیڑھیاں چڑھنے کی عادت کسی بھی وجہ سے موت کے خطرے کو 24 فیصد تک کم کر سکتی ہے۔ محققین نے بتایا کہ امراض قلب دنیا بھر میں اموات کی سب سے بڑی وجہ ہیں جن کے کیسز میں 1990 سے 2019 تک دوگنا اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ سیڑھیاں چڑھنا ایک آسان جسمانی سرگرمی ہے جسے گھر یا دفتر میں معمول بنایا جا سکتا ہے۔ اس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے اور جسمانی سرگرمیوں سے مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس تحقیق کے نتائج American Journal of Cardiovascular Drugs میں شائع ہوئے ہیں۔















