اسٹین لیس اسٹیل برتنوں کی کھوئی چمک بحال کرنے کے لئے مہنگی مصنوعات ضروری نہیں، گھر میں موجود عام چیزوں سے صفائی ممکن ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناؤنیوز) اسٹین لیس اسٹیل کے برتن وقت کے ساتھ بے رونق ہو جاتے ہیں، جنہیں چمکدار بنانے کے لئے مہنگی مصنوعات کی ضرورت نہیں۔ گھر میں موجود عام چیزوں کا استعمال کر کے ان کی چمک دوبارہ بحال کی جا سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق برتنوں کی معمولی چکنائی کو نیم گرم پانی اور ڈش واشنگ لیکویڈ میں بھگو کر نرم اسپنج سے صاف کیا جا سکتا ہے۔ اس طریقے سے جمی ہوئی میل نرم ہو جاتی ہے اور آسانی سے صاف ہو جاتی ہے۔
ایسے برتن جن پر کھانا جل چکا ہو، انہیں سخت چیز سے رگڑنے کی بجائے سرکہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ سرکہ متاثرہ حصے پر ڈال کر نرم اسپنج سے صاف کریں۔
بعض ضدی داغوں کے لئے بیکنگ سوڈا اور پانی کا آمیزہ تیار کر کے داغ پر لگائیں۔ آدھے گھنٹے بعد نرم گیلے اسفنج سے صاف کریں۔
یاد رہے کہ برتنوں کو زیادہ دیر گندا نہ چھوڑیں۔ استعمال کے فوراً بعد صاف کریں تاکہ داغ دور کرنا آسان ہو۔ صفائی کے دوران ہاتھوں کی حفاظت کے لئے دستانے پہنیں۔















