ترک پارلیمنٹ نے کردستان ورکرز پارٹی کو ختم کرنے کا بل منظور کرلیا، جس سے امن عمل کی راہ مزید ہموار ہوگئی ہے۔
انقرہ: (رائیٹ ناؤنیوز) ترک پارلیمنٹ نے کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کو ختم کرنے کا بل منظور کرلیا۔ اس بل کے تحت پی کے کے جنگجوؤں کو محدود معافی دی جائے گی۔
یہ بل ترکیہ کو دہشتگردی سے پاک کرنے کے عنوان سے پیش کیا گیا۔ بل پر 12 گھنٹے کی بحث کے بعد 468 ووٹ حمایت میں اور 88 ووٹ مخالفت میں ڈالے گئے۔ 6 اراکین غیر حاضر رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس قانون سازی سے عشروں سے جاری تنازع ختم کرنے اور امن عمل بڑھانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ ہتھیار ڈالنے والے بعض جنگجوؤں کو معافی دی جائے گی۔
قانون کے تحت پی کے کے بانی عبداللہ اوجلان کو شامل نہیں کیا گیا۔ پی کے کے نے اپنے 77 سالہ لیڈر کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، جو 27 برس سے قید میں ہیں۔
یاد رہے کہ عبداللہ اوجلان نے 18 ماہ پہلے حامیوں سے ہتھیار ڈالنے اور جمہوری طریقے اپنانے کی اپیل کی تھی۔ نئی قانون سازی سے 3 ہزار سے زائد قیدیوں کی رہائی ممکن ہے۔















