نیتن یاہو کی مبینہ آڈیو لیک، آئی سی سی چیف کو ہٹانے کی سازش

نیتن یاہو کی آڈیو لیک سے انکشاف ہوا کہ انہوں نے امریکی سینیٹر کے ساتھ مل کر آئی سی سی چیف کو ہٹانے کی سازش کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
نیتن یاہو کی مبینہ آڈیو لیک، آئی سی سی چیف کو ہٹانے کی سازش

یروشلم: (رائیٹ ناؤنیوز) اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کے ساتھ مل کر بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے سابق چیف پراسیکیوٹر کریم خان کو عہدے سے ہٹانے کی سازش کی۔

بین الاقوامی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اکتوبر 2024 کی ایک آڈیو ریکارڈنگ منظر عام پر آئی ہے، جس میں نیتن یاہو ممکنہ وارنٹ گرفتاری کی روک تھام کے لیے مختلف اقدامات پر بات کرتے سنے جا سکتے ہیں۔

آڈیو میں مبینہ طور پر کریم خان کے خلاف جنسی بدسلوکی کے الزامات کا ذکر دباؤ بڑھانے کے لیے کیا گیا۔ برطانوی فلم ساز ایلکس ہولڈر سے حاصل آڈیو میں نیتن یاہو امریکی قانون سازوں سے آئی سی سی کے خلاف متحد ہونے کی خواہش ظاہر کرتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق لنڈسے گراہم نے ڈیموکریٹ اور ریپبلکن سینیٹرز کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی تاکہ عدالت پر سیاسی دباؤ بڑھایا جا سکے۔ تاہم، نومبر 2024 میں آئی سی سی نے نیتن یاہو اور اسرائیل کے سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

واضح رہے کہ کریم خان نے اپنے خلاف تمام الزامات کی تردید کی تھی، مگر جولائی 2026 میں آئی سی سی کے رکن ممالک کی ووٹنگ کے بعد انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ان دعوؤں پر متعلقہ فریقین کا باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

دیگر متعلقہ خبریں