اٹلی نے اسپین کے ساتھ شینجن معاہدہ عارضی طور پر معطل کر دیا، مراکش سے 60 ہزار تارکین وطن کی اسپین میں آمد کے بعد۔
روم: (رائیٹ ناؤنیوز) اٹلی نے اسپین کے ساتھ شینجن معاہدہ عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ مراکش سے بڑی تعداد میں تارکین وطن کے اسپین کے شہر سیوٹا میں داخل ہونے کے بعد لیا گیا۔
اٹلی کی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ اس اقدام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے والوں کو اٹلی میں داخل ہونے کے لیے پاسپورٹ دکھانا ہوگا۔ فضائی یا بحری سفر کرنے والے افراد پر یہ قانون لاگو ہوگا۔
اسپین کے شہر سیوٹا اور میلیلا یورپ اور افریقہ کے درمیان واحد زمینی سرحد ہیں جہاں تارکین وطن یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ روز 60 ہزار مراکشی تارکین وطن اسپین کے شمالی افریقی علاقے سیوٹا میں داخل ہوئے۔ اس دوران 57 افراد ہلاک بھی ہوئے۔
واضح رہے کہ شینجن معاہدہ (Schengen Agreement) کے تحت یورپی ممالک نے اپنی اندرونی سرحدیں ختم کر کے آزادانہ سفر کی سہولت دی ہے۔













