وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ امن منصوبے کی پیشرفت کو اہم قرار دیتے ہوئے فلسطینی حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے، جبکہ امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی ثالثی کو سراہا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) پاکستان نے غزہ امن منصوبے کے تحت تخفیفِ اسلحہ کی پیشرفت کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس پیشرفت کو اہم سنگِ میل قرار دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی ثالثی کوششوں کی تحسین کی ہے۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی قیادت میں بورڈ آف پیس کی پیش رفت کو اہم کامیابی قرار دیا ہے۔
پاکستان نے غزہ امن منصوبے کے تمام وعدوں پر عملی پیشرفت کی امید ظاہر کی ہے۔ وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا ہے اور کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی فلسطینی ریاست کے قیام کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے القدس الشریف کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے غزہ میں پائیدار امن کے لئے سیاسی عمل تیز کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔












