بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر انتخابات میں کارکن کی ہلاکت کا الزام ن لیگ پر لگایا۔ شیری رحمان نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
مظفرآباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) آزاد کشمیر کے نکیال میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے تصادم میں پیپلز پارٹی کا کارکن جاں بحق ہو گیا۔ بلاول بھٹو نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار پر فائرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے شہید کارکن مختار یونس کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور ن لیگ کے امیدوار سردار عمیر نعیم پر فائرنگ کا الزام لگایا۔ بلاول نے سوال اٹھایا کہ الیکشن کمیشن اور متعلقہ حکام کہاں ہیں؟
انہوں نے کہا کہ اگر مبینہ فائرنگ کی ویڈیو کا بروقت نوٹس لیا جاتا تو یہ سانحہ نہ ہوتا۔ بلاول نے کہا کہ مختار یونس پیپلز پارٹی کے امیدوار کے ساتھ انتخابی مہم چلا رہے تھے اور مخالفین شکست کے ڈر سے تشدد پر اتر آئے ہیں۔
پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے بھی مختار یونس کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور ن لیگ کے امیدوار پر خوف و ہراس پھیلانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے شفاف تحقیقات اور فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔
یاد رہے کہ شیری رحمان نے ایل اے-8 کوٹلی ون راج محل کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر بے ضابطگیوں کی شکایات پر ری پولنگ کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے اضافی سکیورٹی تعینات کی جائے۔












