امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے اشاروں کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
نیویارک: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے اشاروں کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر مزید حملے عارضی طور پر روکنے کے اعلان کے بعد سرمایہ کاروں میں امید پیدا ہوئی کہ تنازع سفارتی مذاکرات کی طرف بڑھ سکتا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 5.8 فیصد کمی کے بعد 91.20 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 5.5 فیصد کمی کے بعد 84.40 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں میں وقفے کے اعلان کے بعد مارکیٹ میں جنگ کے پھیلاؤ کے خدشات کم ہوگئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے بڑھتی کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے بھی اوپر چلی گئی تھی۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے۔ اس صورتحال کا اثر عالمی معیشت پر بھی پڑ رہا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی تھیں، جس سے مارکیٹ میں بے چینی پیدا ہوئی۔














