نیتن یاہو نے سعودی عرب کی ابراہم معاہدوں میں شمولیت کو مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے تاریخی جست قرار دیا ہے، جبکہ امریکی صدر نے سعودی جوہری معاہدے کو اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے سے جوڑ دیا ہے۔
تل ابیب: (رائیٹ ناؤنیوز) اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی ابراہم معاہدوں میں شمولیت مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے تاریخی جست ثابت ہوگی۔ یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سعودی عرب کے مجوزہ سول جوہری معاہدے سے متعلق شرائط کے بعد سامنے آیا ہے۔
نیتن یاہو کے مطابق سعودی عرب کی شمولیت سے اسرائیل اور عرب دنیا کے تعلقات میں نیا باب کھلے گا۔ اس کے علاوہ پورے خطے میں استحکام، تعاون اور امن کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم کا بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب امریکی صدر نے سعودی عرب کے سول جوہری معاہدے کو اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے سے مشروط کر دیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا کہ امریکا اور سعودی عرب کے درمیان سول جوہری معاہدہ پُرامن مقاصد کے لیے ہوگا۔ اس کے تحت سعودی عرب کو یورینیئم افزودگی کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ پہلے اس معاہدے کی ابتدائی منظوری کا اعلان بغیر کسی شرط کے کیا گیا تھا، مگر اب دونوں معاملات کو ایک دوسرے سے وابستہ کر دیا گیا ہے۔














