اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی حکومت کے نظرثانی شدہ پٹرولیم قیمتوں کے نظام کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 24 جولائی سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جو پہلے 375 روپے 4 پیسے تھی۔
موٹر اسپرٹ (پٹرول) کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے پہلے پٹرول 327 روپے 12 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
حکام کے مطابق نئی قیمتیں وفاقی حکومت کے نظرثانی شدہ پٹرولیم پرائسنگ میکانزم کے تحت مقرر کی گئی ہیں۔ اوگرا نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے حالیہ دنوں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نیا نظام متعارف کرایا ہے، جس کے تحت قیمتوں کا اعلان زیادہ باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے اور نئی قیمتیں مقررہ تاریخ سے نافذ العمل ہوتی ہیں۔














