پنجاب حکومت نے دانش اسکولوں میں بلوچستان کے بچوں کے کوٹہ میں اضافہ کیا ہے جبکہ بنگلہ دیشی طلبہ کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے دانش اسکولوں میں بلوچستان کے بچوں کے لیے کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ دانش اسکولز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں بنگلہ دیش کے بچوں کے لیے بھی کوٹہ مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر تعلیم نے اجلاس میں بتایا کہ بنگلہ دیش کے طلبہ آئندہ سال دانش اسکولوں میں تعلیم حاصل کریں گے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ دانش اسکول پروجیکٹ میں دیگر صوبوں کے 1100 بچے زیر تعلیم ہیں۔ یہ اقدام قومی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دانش اسکولوں کے طلبہ کے لیے گلوبل اسکالرشپ کا مکینزم بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ زیر تعمیر دانش اسکولوں کے انفرااسٹرکچر پر بھی کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
یاد رہے کہ دانش اسکول پروجیکٹ کا مقصد کم وسائل والے علاقوں کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔ یہ اسکولز پنجاب حکومت کے خصوصی تعلیمی منصوبے کا حصہ ہیں۔















