ایران کے جزیرے قشم اور کیش میں دھماکے، آبنائے ہرمز میں کشیدگی بڑھ گئی، امریکی اور اسرائیلی دھمکی کے بعد صورتحال مزید سنگین۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ، ایران کے جزیرے قشم میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ امریکی صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی جانب سے ایران کے خلاف کارروائی کی دھمکی کے بعد تین مختلف مقامات پر دھماکے ہوئے۔
ایرانی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق آبنائے ہرمز میں قشم جزیرے پر زور دار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ دھماکوں کی نوعیت اور وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں۔
ایرانی حکام نے ابھی تک ان دھماکوں پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایران کے جزیرہ کیش پر بھی دھماکہ ہوا جس سے پانی اور بجلی کی تنصیبات متاثر ہوئیں۔
واضح رہے کہ قشم جزیرہ ایران کا سب سے بڑا جزیرہ ہے جہاں ایرانی بحریہ اور پاسداران انقلاب کی اہم تنصیبات موجود ہیں۔
یاد رہے کہ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے خوزستان کے شہر اندیمشک میں بھی دھماکے کی اطلاع دی ہے، جبکہ کویت نے اپنی فضائی حدود میں دشمنانہ اہداف کے خلاف دفاعی نظام فعال کیا ہے۔















