پاسداران انقلاب نے امریکی مداخلت پر سخت ردعمل کی دھمکی دی ہے، جس سے عالمی توانائی مارکیٹ متاثر ہو سکتی ہے۔
دبئی: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاسداران انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے آبنائے ہرمز میں مزید مداخلت کی تو ایران کی طرف سے سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکی مداخلت کی وجہ سے آبنائے ہرمز پر بحری جہازوں کی معمول کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔
پاسداران انقلاب کے مطابق حالیہ دو ہفتوں میں آبنائے ہرمز کی بحری ٹریفک کی صلاحیت جنگ سے قبل کی سطح کا 50 فیصد تک بحال ہو چکی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی مداخلت نہ صرف بحری تجارت کو متاثر کر رہی ہے بلکہ متاثرہ ممالک کے معاشی مفادات کو بھی نقصان پہنچا رہی ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز تیل اور گیس کی عالمی نقل و حرکت کے لیے انتہائی اہم سمندری راستہ ہے، جہاں کسی بھی کشیدگی کا اثر عالمی توانائی منڈیوں پر پڑ سکتا ہے۔















