وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ میں نیشنل ایکشن پلان اجلاس میں مشرقی ہمسائے پر دہشتگردی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناؤنیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا مشرقی ہمسایہ ملک دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کی صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں ہوا، جس کی صدارت وزیر اعظم نے کی۔
اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر و وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزراء نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں دہشتگردی کے سنگین واقعات پیش آئے ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مختلف کارروائیوں میں 54 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ہے اور یہ جنگ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ انہوں نے مسلح افواج کی قربانیوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشتگرد تنظیموں کو اسلحہ فراہم کیا جا رہا ہے اور افغان سرزمین استعمال کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ یہ سیاسی و عسکری قیادت کا عزم ہے کہ دہشتگردی کے فتنے کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور اس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔














