ایران نے آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکی دی ہے، اور امریکی صدر ٹرمپ کی وارننگ کے باوجود جوابی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس پر حملہ ہوا تو وہ آبنائے ہرمز کو بند کر دے گا اور بھرپور جوابی کارروائی کرے گا۔ ایرانی حکام نے اعلان کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں ایک کے بدلے دو اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔
ایرانی حکام کے مطابق قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور حملے کی صورت میں بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شامل ہے جہاں سے عالمی تیل کی بڑی مقدار گزرتی ہے۔ اس آبی راستے سے متعلق کسی بھی کشیدگی پر عالمی منڈیوں اور خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر سخت حملے کی وارننگ دی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں جہازوں پر حملے کیے ہیں۔
یاد رہے کہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کا جواب طاقت کی زبان میں دیا جائے گا۔ ایران کسی بھی دباؤ یا دھمکی کے سامنے جھکنے والا نہیں۔















