کراچی میں تین سالہ ابراہیم کی لاش کچرا چننے والے لڑکے نے 15 گھنٹے بعد برآمد کی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والے تین سالہ ابراہیم کی لاش ایک کچرا چننے والے لڑکے نے برآمد کی۔
شاہ فیصل کے رہائشی جوڑے نے اپنے بیٹے ابراہیم کے ساتھ نیپا چورنگی کے قریب نجی مارٹ میں خریداری کی۔ باہر نکلتے ہی ابراہیم والدہ سے ہاتھ چھڑا کر والد کی موٹرسائیکل کی طرف بھاگا اور کھلے مین ہول میں گر گیا۔
حادثے کے بعد بچے کی والدہ عائشہ کی دلخراش ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ اپنے بچے کو تلاش کرنے کی اپیل کر رہی تھیں۔ سرکاری مشینری دیر سے پہنچی اور لوگوں نے خود شاول کا انتظام کر کے کھدائی شروع کی۔
ابراہیم کی لاش 15 گھنٹے بعد نکالی گئی۔ لاش کچرا چننے والے تنویر نامی لڑکے نے برآمد کی، جس نے نجی یونیورسٹی کے قریب نالے میں لاش دیکھی اور حکام کو حوالے کی۔
عینی شاہدین کے مطابق لاش ملنے کے بعد پولیس نے تنویر پر تشدد کیا، جبکہ ریسکیو رضاکار نام روشن کرنے کی کوشش میں الجھتے رہے۔ عوامی تنقید کے بعد ڈی ایس پی گلشن اقبال نے تنویر کو شاباش دی اور اہلکاروں کے رویے پر معذرت کی۔















