امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا اولین ترجیح ہے، چین کی مدد کی ضرورت نہیں۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات صرف اس صورت میں آگے بڑھیں گے جب معاہدہ امریکا کے مفاد میں ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کو ایران سے نمٹنے کے لیے چینی صدر یا کسی بیرونی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔
صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے پاس واضح انتخاب تھا، یا تو ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے دیا جائے یا اس عمل کو روکا جائے۔ ان کے مطابق ایران کا فوجی ڈھانچہ شدید نقصان کا شکار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں اور امریکا ایسے معاہدے کی طرف بڑھ رہا ہے جو امریکی عوام کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ ان کے مطابق اس کے اثرات ایرانی عوام کے لیے بھی مثبت ہو سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ جیسے ہی یہ جنگ ختم ہوگی، تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی اور اسٹاک مارکیٹ مزید اوپر جائے گی۔ انہوں نے سابق صدر جو بائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں مہنگائی زیادہ تھی۔
یاد رہے کہ امریکا اور چین کی آئندہ ملاقات میں ایران سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات ہوگی۔ ٹرمپ نے چین کے صدر شی جن پنگ کے کردار کو مثبت قرار دیا ہے۔














