پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا بڑااقدام، موبائل کیمرہ کنٹرول روم سے منسلک ہو گا‎

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کے موبائل کیمروں کو کنٹرول روم سے منسلک کرنے کی سہولت فراہم کی ہے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری ویڈیو شواہد شیئر کیے جا سکیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کے موبائل کیمروں کو مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کرنے کا انقلابی اقدام اٹھایا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد سنگین واقعات کی ویڈیو شواہد کو فوری طور پر سیف سٹی کے ساتھ شیئر کرنا ہے تاکہ ریسپانس ٹائم کم ہو اور مدد جلد پہنچ سکے۔ اس سلسلے میں سیف سٹی کی پبلک سیفٹی ایپ میں جدید ‘کنیکٹ ٹو پی ایس سی اے’ فیچر شامل کیا گیا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے شہری کسی بھی اہم یا ہنگامی موقع کی لائیو ویڈیو فوری طور پر سیف سٹی کو فراہم کر سکیں گے، جس سے اصل صورتحال کا اندازہ فوری لگایا جا سکے گا۔ ترجمان سیف سٹی کے مطابق، ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر کال کرنے پر شہری کو لائیو فیڈ کا خصوصی لنک بھیجا جائے گا، جس سے موبائل کا لائیو کیمرہ براہ راست کنٹرول روم سے منسلک ہو جائے گا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ یہ سروس صرف ایمرجنسی کی صورتحال میں استعمال کے لیے ہے اور شہریوں سے درخواست کی ہے کہ موبائل کی لوکیشن آن رکھیں تاکہ درست مقام کی نشاندہی ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ضروری ویڈیوز شیئر نہ کریں کیونکہ یہ فیچر صرف ہنگامی مدد اور بروقت کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے ہے۔

دیگر متعلقہ خبریں