دیہی خواتین کے لیے روزگار اسکیم، پنجاب میں 15 ہزار جانوروں کی تقسیم کا فیصلہ

پنجاب میں دیہی خواتین کو 15 ہزار مویشی دیے جائیں گے تاکہ وہ معاشی طور پر خود مختار ہو سکیں۔ منصوبہ 4.5 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
پنجاب میں دیہی خواتین کو 15 ہزار مویشی دیے جائیں گے

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب کی دیہی خواتین کو روزگار کی فراہمی کے منصوبے کے تحت صوبے بھر میں مزید 15 ہزار جانوروں کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ اقدام خواتین کو معاشی طور پر خود مختار بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

یہ منصوبہ ساڑھے 4 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جس میں بھینسیں اور گائیں تقسیم کی جائیں گی۔ بیواؤں اور مطلقہ خواتین کو یہ جانور فراہم کیے جائیں گے۔ ڈی جی خان ڈویژن میں 6250 جانور، بہاولپور ڈویژن میں 3750 اور ملتان ڈویژن میں 5000 جانور تقسیم کیے جائیں گے۔

مظفرگڑھ، راجن پور، لیہ، اور کوٹ ادو میں ہر ضلع میں 1250 جانور فراہم کیے جائیں گے، جبکہ بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی ہر ضلع میں 1250 جانور تقسیم ہوں گے۔ یہ تقسیم ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں تشکیل کردہ کمیٹیاں مکمل کریں گی۔

اب تک اس سکیم کے تحت 9 ہزار جانور تقسیم کیے جا چکے ہیں۔ صرف وہی خواتین اہل ہوں گی جنہیں پہلے کسی سرکاری سکیم سے مویشی نہیں ملے ہوں۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام دیہی خواتین کی معاشی حالت بہتر بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ اس سے خواتین کی خود مختاری میں اضافہ ہوگا اور ان کی زندگی میں بہتری آئے گی۔

دیگر متعلقہ خبریں