اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے تبادلوں کا اعلان جوڈیشل کمیشن نے کر دیا۔ جسٹس محسن اختر کیانی کا تبادلہ لاہور ہائیکورٹ کر دیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے تبادلوں سے متعلق جوڈیشل کمیشن اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق 3 ججز کے تبادلے کمیشن کی اکثریت سے منظور کیے گئے۔
اعلامیے کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی کا لاہور ہائیکورٹ تبادلہ کیا گیا ہے۔ جسٹس بابر ستار کو پشاور ہائیکورٹ اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کو سندھ ہائیکورٹ منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔
کمیشن نے جسٹس ارباب طاہر اور جسٹس خادم سومرو کے تبادلوں کی سفارش واپس لے لی۔ اکثریتی فیصلے کے مطابق تبادلے سے پیدا ہونے والی آسامی صرف ٹرانسفر کے ذریعے پُر ہوگی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایسی آسامی کو ابتدائی تقرری کے لیے خالی جگہ نہیں سمجھا جائے گا۔ اس نکتے کو ججز کے تبادلوں کے بعد عدالتی ڈھانچے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
تبادلوں کے بعد متعلقہ ہائیکورٹس میں ججز کی سنیارٹی پوزیشنز بھی تبدیل ہو گئی ہیں۔ جسٹس محسن اختر کیانی لاہور ہائیکورٹ میں 12 ویں نمبر پر ہوں گے، جبکہ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سینئر ترین جج تھے۔
جسٹس بابر ستار پشاور ہائیکورٹ میں 6 ویں نمبر پر ہوں گے۔ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں سنیارٹی کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر تھے۔
جسٹس ثمن رفعت امتیاز سندھ ہائیکورٹ میں 16 ویں نمبر پر ہوں گی۔ وہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی سنیارٹی لسٹ میں 6 ویں نمبر پر تھیں۔
ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن اجلاس میں ججز ٹرانسفر کے معاملے پر مخالفت بھی سامنے آئی۔ ٹرانسفر کی مخالفت میں مجموعی طور پر 4 ووٹ پڑے۔
ذرائع کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے ججز ٹرانسفر کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ جسٹس منیب اختر نے بھی ٹرانسفر کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور سینیٹر علی ظفر نے بھی مخالفت میں ووٹ دیا۔ دونوں ارکان نے ججز ٹرانسفر کے عمل پر تحفظات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کے تبادلوں کا معاملہ عدالتی اور سیاسی حلقوں میں زیر بحث تھا۔ جوڈیشل کمیشن کے اعلامیے کے بعد تبادلوں کی باضابطہ منظوری سامنے آ گئی ہے۔












