گریس جیمیسن نے کانٹیکٹ لینس پہن کر نہانے کے بعد بینائی کھو دی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کانٹیکٹ لینس کو پانی سے دور رکھیں۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکہ کی 20 سالہ گریس جیمیسن نے کانٹیکٹ لینس کے استعمال کے دوران پیش آنے والے سنگین حادثے کو لوگوں کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کانٹیکٹ لینس پہن کر نہانے سے بینائی ختم ہو سکتی ہے۔
گریس جیمیسن نے بتایا کہ یہ واقعہ ڈومینیکن ریپبلک میں چھٹیوں کے دوران پیش آیا جہاں انہوں نے لینس پہنے ہوئے شاور لیا۔ پانی کے ذریعے خطرناک جرثومہ آنکھوں میں داخل ہو گیا جس کے باعث ان کی بینائی متاثر ہوئی۔
ابتدائی طور پر ان کی آنکھوں میں شدید تکلیف ہوئی اور دھندلا پن محسوس ہوا، لیکن غلط تشخیص کی وجہ سے اسٹیرائیڈ ڈراپس دیے گئے جس سے حالت بگڑ گئی۔ انفیکشن نے مزید شدت اختیار کر لی اور بینائی مکمل طور پر ختم ہوگئی۔
گریس کی بینائی کی بحالی کے لیے سرجری کا امکان ہے، لیکن فی الحال وہ ایک آنکھ سے زندگی گزارنے کی عادی ہو رہی ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو کانٹیکٹ لینس سے متعلق احتیاطی تدابیر اپنانے کی تاکید کی ہے۔
واضح رہے کہ گریس نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ نہاتے وقت یا تیراکی کے دوران لینس پہننے سے گریز کریں۔ لینس صاف کرنے کے لیے صرف تجویز کردہ سلوشن استعمال کریں اور محلول کو روزانہ تبدیل کریں۔















