پنجاب حکومت کی ایئر ایمبولینس سروس کے اخراجات کی رپورٹ اسمبلی میں پیش، 254 مریضوں کی منتقلی پر ایک ارب 63 کروڑ خرچ ہوئے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پنجاب حکومت کی ایئر ایمبولینس سروس کے اخراجات کی تفصیلی رپورٹ پنجاب اسمبلی اجلاس میں جمع کرا دی گئی۔ یہ رپورٹ مریضوں کی منتقلی کے حوالے سے ہے۔
رکن اسمبلی ندیم قریشی نے ایئر ایمبولینس کی کارکردگی پر سوال اٹھایا تھا، جس پر بتایا گیا کہ یہ منصوبہ انتہائی نگہداشت کے مریضوں کی منتقلی کے لیے بنایا گیا ہے۔
محکمہ ایمرجنسی سروسز نے بتایا کہ صوبے میں 2 ایئر ایمبولینسز فعال ہیں، جو رینٹل ایگریمنٹ کے تحت حاصل کی گئی ہیں۔ مالی سال 24-2023 میں کوئی اخراجات نہیں ہوئے، جبکہ مالی سال 26-2025 میں 1 ارب 50 لاکھ روپے خرچ کیے گئے۔
جواب میں مزید بتایا گیا کہ ایئر ایمبولینس سروس کے لیے 3 میڈیکل افسران تعینات ہیں، جو بی ایس-17 گریڈ کے ڈاکٹرز ہیں۔ یکم جنوری 2024 سے اب تک 254 مریضوں کو منتقل کیا گیا، جو انتہائی نگہداشت کے حامل تھے۔
واضح رہے کہ اب تک مریضوں کی منتقلی پر ایک ارب 63 کروڑ روپے خرچ ہو چکے ہیں اور مالی سال 26-2025 میں 5 کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ ایئر ایمبولینس سروس ریسکیو 1122 کے ماتحت کام کر رہی ہے۔














