ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں کو قبضے میں لے لیا، جن میں ایک اسرائیلی ملکیت کا ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایرانی پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز میں دو بحری جہازوں کو قبضے میں لے لیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق، ان میں سے ایک بحری جہاز ایم ایس سی فرانسسکا اسرائیل کی ملکیت ہے جبکہ دوسرا جہاز پاناما کا ہے۔ دونوں جہازوں کو ایرانی ساحل پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
برطانوی میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بتایا ہے کہ آبنائے ہرمز پر آج تین جہازوں پر فائرنگ ہوئی، تاہم بحری جہاز اور عملے کے ارکان محفوظ رہے۔
میری ٹائم ایجنسی کے مطابق، عمان کے ساحل سے 15 ناٹیکل میل دور بحری جہاز پر بھی حملہ ہوا۔ ایرانی گن بوٹ نے جہاز کو گھیرنے کی کوشش کی اور فائرنگ کی، جس سے برج کو نقصان پہنچا، مگر آگ نہیں لگی اور عملے کے ارکان محفوظ رہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی تجارت کے لیے ایک اہم راستہ ہے اور اس علاقے میں کشیدگی اکثر بڑھتی رہتی ہے۔













