پاکستانی سی فوڈ کی روس کو برآمدات کی اجازت مل گئی، جس سے 800 ملین ڈالر کا ہدف متوقع ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی سی فوڈ کی روس کو برآمدات کی اجازت مل گئی ہے، جس سے توقع ہے کہ ایکسپورٹ کا حجم 800 ملین ڈالر تک پہنچ جائے گا۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستانی مچھلی اور سی فوڈ کی روس کو برآمدات کی راہ ہموار ہو گئی ہے، جو ماہی گیری کے شعبے میں تاریخی کامیابی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی 16 کمپنیوں کو روس کو مچھلی برآمد کرنے کی اجازت مل گئی ہے، جس سے ملکی برآمدات کے نئے دروازے کھلیں گے۔ روسی مارکیٹ کے بعد یوریشین اکنامک یونین کے دیگر ممالک تک رسائی متوقع ہے۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ میرین فشریز ڈیپارٹمنٹ بین الاقوامی معیار کو یقینی بناتا ہے، جو عالمی منڈی میں مسابقت کے لیے اہم ہے۔ روس کو برآمدات سے ابتدائی طور پر 300 ملین ڈالر آمدن متوقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی سی فوڈ کی سالانہ برآمدات 500 ملین ڈالر سے زیادہ ہونے کا امکان ہے، جبکہ روسی مارکیٹ میں داخلے کے بعد یہ برآمدات 800 ملین ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔















