آئی ایم ایف کے دباؤ اور مشرق وسطیٰ کی کشیدگی کے باعث وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 173 ارب کی کٹوتی کر دی گئی ہے، پی ایس ڈی پی کا بجٹ 837 ارب روپے رہ گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مشرق وسطیٰ کی کشیدگی اور آئی ایم ایف کے دباؤ کے باعث وفاقی ترقیاتی بجٹ میں 173 ارب روپے کی کٹوتی کر دی گئی ہے۔
پی ایس ڈی پی (PSDP) کا بجٹ ایک ہزار ارب روپے سے کم ہو کر 837 ارب روپے رہ گیا۔ پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے کی کٹوتی کی گئی تھی جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 73 ارب کی کمی کی گئی۔
وزارت منصوبہ بندی کے حکام کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے ترقیاتی اخراجات میں کمی کی گئی ہے۔ سڑکوں کی تعمیر کے فنڈز میں 38 ارب، پانی کے منصوبوں کے لیے 23 ارب اور صوبائی اسکیموں میں 22.5 ارب کی کمی کی گئی۔
وزارت منصوبہ بندی اور ارکان پارلیمنٹ کی زیادہ تر اسکیمیں برقرار ہیں۔ رواں مالی سال کے لیے ایک ہزار ارب روپے سے زائد کا ترقیاتی بجٹ منظور ہوا تھا، لیکن پہلے 9 ماہ میں صرف 41 فیصد بجٹ خرچ ہوسکا۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدگی اور آئی ایم ایف کے مطالبات کے باعث پاکستان کو بجٹ میں کٹوتیاں کرنی پڑی ہیں تاکہ مالیاتی استحکام حاصل کیا جا سکے۔















