پاکستان نے مالی سال 2026 کے لیے بیرونی فنانسنگ کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا اعلان۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے مالی سال 2026 کے لیے بیرونی فنانسنگ کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ واشنگٹن میں وزیر خزانہ نے فِچ ریٹنگز کے حکام سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی کریڈٹ پروفائل پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر خزانہ نے فِچ کی جانب سے پاکستان کی بی نیگیٹیو ریٹنگ برقرار رکھنے پر خیرمقدم کیا اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں فعال موجودگی برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز ڈپازٹ کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی معاشی اصلاحات پر عالمی اداروں کا اعتماد برقرار ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرامز پر اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے۔ پانڈا بانڈز، یورو بانڈز اور سکوک کے ذریعے بھی فنڈنگ حکمت عملی جاری ہے۔
واشنگٹن میں سِٹی میکرو فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کو اقتصادی حکمتِ عملی پر بریفنگ دی۔ انہوں نے اطلاع دی کہ آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول معاہدہ طے پا چکا ہے اور ایگزیکٹیو بورڈ سے منظوری مئی کے اوائل میں متوقع ہے۔
واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کا بحران حالیہ تاریخ کے بڑے ترین سپلائی شاکس میں سے ایک ہے اور موجودہ بحران سے حاصل ہونے والا سبق پیٹرولیم ذخائر کی تعمیر ہے۔ وزیر خزانہ نے حکومت کے تین مراحل پر مشتمل ردعمل کا خاکہ پیش کیا اور سعودی عرب کی مالی معاونت پر گہری قدر دانی کا اظہار بھی کیا۔















