سعودی وزارتِ داخلہ نے غیر قانونی حج پر سخت جرمانے اور سزائیں نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی وزارتِ داخلہ نے حج قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کا اعلان کیا ہے۔ جو افراد بغیر اجازت حج کی کوشش کریں گے یا مدد کریں گے، ان پر بھاری جرمانے اور سزائیں عائد کی جائیں گی۔
نئے ضوابط کے تحت ان سزاؤں کا اطلاق یکم ذوالقعدہ سے 14 ذوالحجہ تک ہوگا۔ وزٹ ویزا ہولڈرز کو مقدس مقامات تک پہنچانے یا سہولت دینے پر ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا۔ ہر فرد کے حساب سے جرمانہ الگ لگایا جا سکتا ہے۔
بغیر حج اجازت نامے کے حج کی کوشش کرنے پر 20 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ وزٹ ویزا ہولڈرز پر بھی یہی سزا لاگو ہوگی جو مکہ مکرمہ میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے۔
خلاف ورزی پر گاڑیاں ضبط کی جا سکتی ہیں اور ملک بدری کے ساتھ 10 سال تک داخلے پر پابندی بھی عائد ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ خلاف ورزی کرنے والے 30 دن میں شکایت درج کروا سکتے ہیں اور 60 دن میں اپیل کا حق رکھتے ہیں۔ حکام نے عوام سے 911 پر اطلاع دینے کی بھی اپیل کی ہے۔













