پکاسو کی قیمتی پینٹنگ پیرس میں 32 ہزار روپے میں فروخت، خیراتی لاٹری کے ذریعے حیرت انگیز نیلامی۔
پیرس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) دنیا کے معروف مصور پابلو پکاسو کی ایک قیمتی پینٹنگ، جس کی مالیت 28 کروڑ روپے سے زائد ہے، محض 32 ہزار روپے میں فروخت ہو گئی ہے۔ یہ واقعہ پیرس میں منعقدہ خیراتی لاٹری کے نتیجے میں پیش آیا۔
پیرس کے رہائشی آری ہوڈارا، جو سافٹ ویئر سیلز مین ہیں، نے اس لاٹری میں حصہ لے کر یہ انعام جیتا۔ مہم کے تحت پکاسو کی 1941 کی تخلیق "Tête de Femme” بطور انعام دی گئی۔
مہم میں 1 لاکھ 20 ہزار ٹکٹ فروخت کیے گئے اور حاصل شدہ رقم الزائمرز ریسرچ فاؤنڈیشن کو دی جائے گی۔ فاتح کو لائیو ایونٹ کے دوران انعام ملنے کی اطلاع دی گئی اور ویڈیو کال کے ذریعے تقریب کا منظر دکھایا گیا۔
یہ مہم نہ صرف فن کو عام لوگوں تک پہنچانے کا ذریعہ ہے بلکہ فلاحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا مؤثر طریقہ بھی ہے۔ پکاسو کے پوتے کے مطابق اس فن پارے کی اصل قیمت ایک ملین ڈالر سے بھی زیادہ ہے۔
واضح رہے کہ اس مہم کا یہ تیسرا ایڈیشن تھا۔ پہلے ایڈیشن سے حاصل رقم لبنان کے شہر صور کے تحفظ کیلئے استعمال ہوئی جبکہ دوسرے ایڈیشن کے فنڈز کورونا وبا کے دوران استعمال ہوئے۔












