حکومت پاکستان نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس میں 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد جدید نظام تک سستی رسائی فراہم کرنا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی حکومت نے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) میں 1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ یہ منصوبہ 2030 تک مرحلہ وار مکمل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، اس سرمایہ کاری کا مقصد اے آئی کے جدید نظام تک سستی رسائی فراہم کرنا ہے۔ وزارت آئی ٹی نے انفرااسٹرکچر کی ترقی کے لیے اگنائٹ نیشنل ٹیکنالوجی فنڈ کے ذریعے منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اے آئی کی ترقی کے لیے جدید کمپیوٹنگ پاور اور گرافکس پروسیسنگ یونٹس (جی پی یوز) فراہم کیے جائیں گے۔ سرکاری اور نجی شعبے کو وسائل کی فراہمی کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ مصنوعی ذہانت، ڈیٹا تجزیہ اور مشین لرننگ میں مدد مل سکے۔
پاکستان میں اس سرمایہ کاری سے کاروباروں اور محققین کو فائدہ ہوگا جبکہ ملک میں نئی ٹیکنالوجی کی راہ ہموار ہوگی۔ یہ اقدام ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
یاد رہے کہ عالمی سطح پر اے آئی کی ترقی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اور پاکستان بھی اس دوڑ میں شامل ہو کر اپنی معیشت کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔















