وفاقی ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 28 اشیاء مہنگی جبکہ 8 سستی ہوئیں، سالانہ مہنگائی کی شرح 12.15 فیصد تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی ادارہ شماریات نے حالیہ ہفتے کی مہنگائی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 1.93 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ سالانہ شرح 12.15 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں ایک ہفتے میں 28 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران 8 اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں اور 15 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ڈیزل کی قیمت میں 54.71 فیصد اور پیٹرول میں 17.86 فیصد اضافہ ہوا۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی 8.61 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ٹماٹر کی قیمت میں 9.35 فیصد، آلو میں 4.13 فیصد، پیاز میں 3.84 فیصد اور انڈوں میں 3.77 فیصد اضافہ ہوا۔ بیف، مٹن، بریڈ اور پکی ہوئی دال کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں۔
اس کے برعکس چکن، آٹا، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ لہسن کی قیمت 3.78 فیصد اور کیلے 3.39 فیصد سستے ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں، مگر عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافہ بھی اثر انداز ہو رہا ہے۔














