کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب النصر کی جانب سے کھیلتے ہوئے ‘بسم اللہ’ کہا، سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب النصر کی جانب سے النجمہ کے خلاف کھیلتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے دو گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 2-5 سے فتح دلائی۔
اس میچ کے دوران ایک خاص لمحہ اس وقت سامنے آیا جب رونالڈو نے پینلٹی گول کرنے سے قبل ‘بسم اللہ’ کہا۔ یہ لمحہ سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گیا۔
رونالڈو نے 56ویں منٹ میں پینلٹی کے ذریعے گول کیا اور اسکور 2-3 کردیا، بعد ازاں 73ویں منٹ میں ایک اور گول کر کے ٹیم کی برتری 2-4 کردی۔ یہ کارکردگی ان کے کیریئر گولز کی تعداد 967 تک لے آئی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب رونالڈو نے اسلامی الفاظ استعمال کیے۔ دسمبر 2025 میں مشرق وسطیٰ کے بہترین فٹبالر کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد انہوں نے انشاءاللہ کہا تھا۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ رونالڈو سعودی عرب میں رہنے کے دوران اسلام قبول کرسکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔















