حسن جہانگیر نے بیوی کے انتقال کے بعد بیٹی کی پرورش پر توجہ دی۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) معروف پاکستانی پاپ گلوکار حسن جہانگیر نے حال ہی میں اپنی ذاتی زندگی کے ایک بڑے سانحے کا انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بیوی کا انتقال تقریباً 27 سال پہلے ہو گیا تھا جب ان کی بیٹی بہت چھوٹی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے دوسری شادی نہیں کی اور اپنی بیٹی کی پرورش اور تعلیم پر توجہ مرکوز رکھی۔
حسن جہانگیر نے ایک نجی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی کی اہم باتیں شیئر کیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی اب ڈاکٹر ہے اور سوئیڈن میں مقیم ہے۔ ان کی بیٹی کی شادی بھی ہو چکی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ حسن جہانگیر دوبارہ شادی کریں تاکہ وہ تنہائی محسوس نہ کریں۔
حسن جہانگیر نے مزید کہا کہ اگر انہوں نے دوبارہ شادی کا ارادہ کیا تو وہ اپنی ہم عمر خاتون سے شادی کریں گے جو انہیں سمجھ سکے۔ موسیقی کی دنیا میں حسن جہانگیر کو ان کے مشہور گانے ‘ہوا ہوا’ نے شہرت دلائی جو 80 کی دہائی میں ریلیز ہوا تھا اور آج بھی مقبول ہے۔















