اوپن اے آئی نے اساتذہ کے لیے چیٹ جی پی ٹی فار ٹیچر متعارف کرایا تاکہ تدریسی کاموں میں اے آئی کا مؤثر استعمال کیا جا سکے۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اوپن اے آئی نے اساتذہ کے لیے خصوصی چیٹ جی پی ٹی فار ٹیچر پیش کیا ہے، جسے تعلیمی شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ پلیٹ فارم K–12 اساتذہ کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ وہ تدریسی کاموں میں آرٹیفشل انٹیلیجنس کو مؤثر طریقے سے استعمال کر سکیں۔
ابتدائی طور پر یہ سسٹم امریکا کے منتخب اسکولوں میں متعارف کرایا جا رہا ہے، جن میں ڈیڑھ لاکھ کے قریب اساتذہ شامل ہیں۔ امریکا کے تصدیق شدہ K–12 اساتذہ اسے جون 2027 تک مفت استعمال کر سکیں گے، تاکہ وہ اے آئی کے بہتر استعمال کو سمجھ سکیں۔
اوپن اے آئی نے وضاحت کی ہے کہ اساتذہ کی معلومات ماڈلز کی ٹریننگ کے لیے استعمال نہیں ہوں گی۔ کمپنی کی نائب صدر برائے تعلیم، لیا بیلسکی نے کہا کہ ہدف اساتذہ کو ایسے اوزار فراہم کرنا ہے جو روزمرہ کام میں مددگار ہوں۔
نیا پلیٹ فارم اساتذہ کو کئی اوزار فراہم کر رہا ہے، جن میں جدید جی پی ٹی 5.1 آٹو ماڈل، گوگل ڈرائیو اور مائیکروسافٹ 365 سے رابطہ شامل ہے۔ اساتذہ اپنی حیثیت کی تصدیق SheerID کے ذریعے اوپن اے آئی کی ویب سائٹ پر کر سکتے ہیں۔
یہ اقدام دو سال قبل چیٹ جی پی ٹی کے تعارف کے بعد اٹھایا گیا ہے، جب تعلیمی اداروں میں دھوکہ دہی اور غیر ذمہ داری کے خدشات سامنے آئے تھے۔ پہلے مرحلے میں یہ سروس کیلیفورنیا، ٹیکساس اور ورجینیا کے ڈسٹرکٹس میں متعارف ہو رہی ہے۔















