گوگل نے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے کروم براؤزر میں جیمنائی اے آئی فیچرز متعارف کروا دیے ہیں، جن سے موبائل براؤزر کو فعال ڈیجیٹل اسسٹنٹ میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
کیلیفورنیا: (رائیٹ ناؤنیوز) گوگل نے اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر کروم براؤزر کے لیے جیمنائی اے آئی فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔ یہ فیچرز سب سے پہلے امریکا میں صارفین کے لیے دستیاب کیے گئے ہیں۔
کمپنی نے بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ یہ فیچرز کروم کے ڈیسک ٹاپ ورژن میں پہلے سے تھے اور اب موبائل ڈیوائسز پر بھی دستیاب ہوں گے۔ ان کا مقصد موبائل براؤزر کو فعال ڈیجیٹل اسسٹنٹ میں تبدیل کرنا ہے۔
گوگل نے اعلان کیا ہے کہ نیا فیچر ویب پیجز کی اے آئی سمریز اور براہ راست سوالات کی سہولت فراہم کرے گا۔ مزید برآں، کروم میں جی میل، گوگل کیپ اور کیلنڈر کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔
گوگل نانو بنانا ٹول بھی کروم پر دستیاب ہوگا، جس سے صارفین تصاویر تیار یا ایڈٹ کر سکیں گے۔ اس ٹول سے نئے آرٹ ورک تیار کیے جا سکیں گے یا ویب پیج کے ٹیکسٹ کو تصاویر میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
واضح رہے کہ گوگل کا آٹو براؤز فیچر گوگل اے آئی پرو اور الٹرا سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہوگا، جو ویب پر پیچیدہ کام سرانجام دے سکتا ہے۔















