سعودی ولی عہد نے ایرانی صدر سے گفتگو میں اعلان کیا کہ سعودی عرب ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گا۔
ریاض: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو میں اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب اپنی فضائی حدود یا زمینی علاقہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔
ولی عہد نے گفتگو میں ایران کی خودمختاری کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کسی بھی فریق کو ایران کے خلاف حملے کے لیے اپنی سرزمین، فضا یا سہولیات استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
یہ گفت و شنید ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خطے میں طیارہ بردار بحری جہاز اور اضافی فوجی اثاثے تعینات کرنے کے احکامات دیے ہیں۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی جانب سے شروع کی گئی اس فون کال میں ایران کی داخلی صورتحال اور جوہری پروگرام سے متعلق مذاکرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام پر مذاکرات جاری ہیں اور امریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ موسمِ گرما میں ایران کی تین زیرِ زمین تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔











