پنجاب کے کاشتکاروں کو فصل کی کاشت میں لیزر ٹیکنالوجی کے استعمال کا مشورہ

محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو پانی کی بچت کے لیے لیزر ٹیکنالوجی استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) محکمہ زراعت پنجاب نے کاشتکاروں کو ربیع سیزن میں پانی کی کمی سے نمٹنے کے لیے زرعی تجاویز پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی کاشت بروقت مکمل کریں اور مقررہ شرح بیج فی ایکڑ استعمال کریں تاکہ نمی کے باوجود مکمل اگاؤ حاصل ہو سکے۔

محکمہ کے ترجمان نے کہا کہ کاشتکار زمین کی ہمواری کے لیے لیزر ٹیکنالوجی کا استعمال کریں تاکہ پانی کی بچت ہو سکے۔ دھان کے علاقوں میں گندم کاشت کے لیے زیروٹیلج ڈرل کا استعمال کیا جائے۔ کپاس کے علاقوں میں کھڑی کپاس کے ساتھ گندم کی کاشت کریں اور لائنوں میں ڈرل کے ذریعے کاشت کو ترجیح دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی فصل کو صرف نازک مراحل میں ہی سیراب کیا جائے۔ اگر تین پانی دستیاب ہوں، تو پہلا پانی جھاڑ بناتے وقت، دوسرا گوبھ کی حالت میں اور تیسرا دودھیا ہونے پر لگایا جائے۔

ترجمان نے جڑی بوٹیوں کے کنٹرول، نائٹروجن، فاسفورس اور پوٹاش والی کھادوں کے متناسب استعمال پر زور دیا۔ زیادہ پانی استعمال کرنے والی فصلوں کو کم رقبہ پر کاشت کرنے کی ہدایت کی گئی۔

باغات و سبزیوں کو ڈرپ اور سپرنکلر کے ذریعے آبپاشی کر کے پانی بچانے اور بارش کا پانی تالابوں میں ذخیرہ کرنے کی تجویز دی گئی تاکہ ربیع کی فصلوں کو نازک مراحل پر آبپاشی یقینی بنائی جا سکے۔

دیگر متعلقہ خبریں